Special message of Khyber Pakhtunkhwa Chief Minister Ali Amin Gandapur on the occasion of 23 March Pakistan Day


Sports

23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا خصوصی پیغام
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پوری پاکستانی قوم خصوصاً صوبے کے عوام کو یوم پاکستان کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے 84 سال قبل جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں نے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کا متفقہ فیصلہ کیا تھا اور اس مقصد کے حصول کیلئے باضابطہ قرارداد منظور کی گئی تھی جس کے سات سال بعد ہی وطن عزیز پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ پاکستان کا قیام بلاشبہ برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد، انتھک محنت اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، ہم آج کے دن وطن عزیز کے قیام کیلئے اپنے اسلاف کی شبانہ روز جدوجہد اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے خصوصی بیان میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آج کا دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم مملکت خداداد کی بقا و سلامتی اور اس کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ اپنے اسلاف کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ایمانداری کے ساتھ اس امانت کی حفاظت کریں اور ان افکار و نظریات پر کاربند رہیں جو پاکستان کے حصول کی بنیاد ہیں۔
پاکستان کو ایک عظیم اور حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے قوم کے ہر فرد اور طبقے کو حسب استطاعت اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے اسلاف نے باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعے پاکستان کا قیام ممکن بنایا اور اب ہمارا اجتماعی فریضہ ہے کہ ہم ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ آج ہم سب کیلئے تجدید عہد کا دن ہے ۔ ہم سب نے آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم وطن عزیز کو انصاف اور قانون کی بالادستی پر مبنی ایک عظیم فلاحی ریاست بنانے کیلئے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں گے۔ وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف بانی چئیرمین عمران خان کے وژن کے مطابق ملک میں عدل و انصاف، مساوات، شفافیت، میرٹ کی بالادستی اور قانونی کی حکمرانی پر مبنی نظام اور صحیح معنوں ایک فلاحی ریاست کے قیام کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Share On: